Sunday, 19, July, 2026

اپريل فول، يو ٹيوب نے تو حد ہی کر دی

اپريل فول، يو ٹيوب نے تو حد ہی کر دی
گزشتہ روز ويڈيو شيئرنگ ويب سائٹ يو ٹيوب کی انتظاميہ نے اعلان کيا کہ اتوار کی شب بارہ بجے يہ ويب سائٹ اگلے دس سالوں کے ليے بند کر دی جائے گی۔ تاہم يہ پيغام محض ’اپريل فول‘ کے موقع پر کيا جانے والا ايک مذاق تھا۔ يکم اپريل کے روز مزاحیہ طور پر کسی کو چکما دينے کا رواج کئی برسوں سے اور کئی ہی ممالک ميں چلا آ رہا ہے۔ اب اس سلسلے ميں ويڈيو شيئرنگ ويب سائٹ يو ٹيوب بھی شامل ہو چلی ہے۔ اتوار کے روز کمپنی انتظاميہ کی طرف سے جاری کردہ ايک ويڈيو پيغام کے ذريعے مطلع کيا گيا کہ دراصل يہ ويب سائٹ ’بہترين ويڈيو تلاش کرنے کے ليے ايک آٹھ سالہ مقابلے‘ کا حصہ تھی اور اتوار کی شب بارہ بجے يو ٹيوب اگلے دس سالوں کے ليے بند کر دی جائے گی۔ قريب ساڑھے تين منٹ طويل اس پيغام ميں مزيد کہا گيا کہ اس مقابلے کی فاتح ويڈيو کا اعلان سن 2023 ميں کيا جائے گا۔ کمپنی نے يہ پيغام گزشتہ روز اپنے ہوم پيج پر جاری کيا تھا۔ ويڈيو پيغام ميں ’کمپیٹيشن ڈائريکٹر‘ بتائے جانے والے ٹم لسٹن نے کہا، ’’فاتح چننے کا وقت آ گيا ہے۔ ہم اپنے اختتام سے بے انتہا قريب ہيں۔ آج رات بارہ بجے کے بعد youtube.com پر مزيد کوئی انٹری تسليم نہيں کی جائے گی۔ آٹھ زبردست برسوں کے بعد بالآخر وقت آ گيا ہے کہ ہم اس ويب سائٹ پر اپ لوڈ کردہ تمام ويڈيوز کا جائزہ ليں اور سب سے بہترين ويڈيو کا انتخاب کريں۔‘‘ لسٹن کے بقول سب سے بہترين ويڈيو کے انتخاب کے ليے جو ججز کا پينل تشکيل ديا گيا ہے، اس ميں فلمی دنيا کے نامور ناقدين کے علاوہ يو ٹيوب اور فنی دنيا کے کئی بڑے نام شامل ہيں۔ اسی ويڈيو پيغام ميں يو ٹيوب کے سی ای او سالار کامنگر نے کہا، ’’ہم نے سن 2005 ميں يو ٹيوب کا آغاز محض اس مقصد سے کيا تھا کہ دنيا کی سب سے بہترين ويڈيو کو تلاش کيا جا سکے۔‘‘ يو ٹيوب کے اندازوں کے مطابق اس ويب سائٹ کو استعمال کرنے والوں کی جانب سے فی منٹ اوسطاﹰ قريب ستر گھنٹوں کا مواد اپ لوڈ کيا جاتا ہے۔ قريب دو ہفتے قبل ہی کمپنی انتظاميہ نے يہ بھی کہا تھا کہ اسمارٹ فونز پر يو ٹيوب استعمال کرنے والوں کی تعداد ميں اضافے کی سبب اب دنيا بھر ميں ہر مہينے کوئی ايک بلين افراد يو ٹيوب استعمال کرتے ہيں۔ واضح رہے کہ معروف انٹرنيٹ سرچ انجن گوگل کی انتظامی کمپنی نے 2006ء ميں يو ٹيوب کو 1.65 بلين ڈالرز کے عوض خريد ليا تھا۔
Share this Page: Facebook Twitter LinkedIn WhatsApp

Please Share Your Comments:

Khanewal Dot Com Logo

Khanewal.com.pk is a comprehensive local portal offering a blend of cultural insights, public service information, and entertainment resources for the Khanewal district.

Copyright © 2026. All Rights Reserved By:Khanewal.com.pk

Website Powered and Coded by: Soft Dot Com, Basic Templete Designed by HTML Codex