Thursday, 23, July, 2026

بجلی کے اندھیروں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا‘ نوجوان ملک کی تقدیر بدل کر دم لیں گے: شہباز شریف

بجلی کے اندھیروں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا‘ نوجوان ملک کی تقدیر بدل کر دم لیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر+ لیڈی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان جس طرح مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مجھے یقین کامل اور امید واثق ہے کہ نوجوان پاکستان کی تقدیر بدل کر دم لیں گے اور ملک کو اقوام عالم میں عظیم تر بنائیں گے۔ ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے طالبات کو بھی عملی میدان میں نکلنا ہو گا۔ طالبات کو ڈگریاں حاصل کرکے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوانا ہوگا اور یہی پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔ وہ گزشتہ روز گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن چونا منڈی میں چھٹے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے آج کانووکیشن میں ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ طالبات کے چہرے پر خوشی اور پیشانیوں پر امید دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں اور اللہ تعالیٰ نے انعام کے طور پر یہ عظیم وطن ہمیں عطا کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس قرارداد پر ہم نے بحیثیت قوم عمل نہیں کیا۔ الگ وطن اس لئے حاصل نہیں کیا گیا تھا کہ یہاں پر ناانصافی، سفارش، کرپشن اور دھونس دھاندلی سکہ رائج الوقت ہو۔ میرٹ اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جائیں۔ پاکستان حاصل کرنے کا مقصد میرٹ، انصاف اور سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع کی فراہمی تھا۔ یقینا جن لوگوں نے وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں آج ان کی روحیں قبروں میں تڑپ رہی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گونا گوں مسائل سے دوچار ہے۔ بجلی کے اندھیروں نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے جبکہ کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اگر چین، جرمنی، جاپان اور دیگر قومیں محنت کے ذریعے ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکتی ہیں تو ہم بھی بانیان پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محنت، امانت، دیانت کو شعار بنا کر پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن علاقے کی خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ ادارے کی تعمیر و مرمت کے کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سودمند سرمایہ کاری ہے۔ نوجوان نسل کو عربی کے ساتھ ساتھ ان زبانوں کی بھی تعلیم دی جائے جو ترقی اور آگے بڑھنے کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں عزت اور وقار سے جینے کیلئے معاشی طور پر مضبوط ہونا ہوگا اور جدید علوم پر دسترس حاصل کرنا ہوگی، یہی دین اسلام اور قرآن پاک کی تعلیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے آخرت پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ہمیں دنیا میں عزت اور وقار سے جینا بھی سیکھ لینا چاہئے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے لئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم سرمایہ کاری ہے- پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے موثر اور عملی اقدامات کئے ہیں- مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس پالیسیوں اورپروگراموں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں تاثر تبدیل ہو رہا ہے اور یہاں تیزی سے سرمایہ کاری آرہی ہے- پرنسپل گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن مسز شہناز کوثر نے ادارے کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور آئندہ کے تعلیمی پروگراموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ شہباز شریف نے تعلیم مکمل کرنے والی طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے جبکہ کالج کی پرنسپل نے وزیراعلیٰ، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو کالج کے سووینرز پیش کئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت موٹروے کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ قائداعظم اپیرل پارک قائم کر رہی ہے۔ اپیرل پارک منصوبہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چین کے معروف گروپ شین ڈونگ رویائی نے پنجاب میں ٹیکسٹائل اور توانائی سیکٹر میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ رویائی گروپ قائداعظم اپیرل پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں بھی سرمایہ لگائے گا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جس میں پنجاب حکومت کے وفد کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کا پاکستانی برآمدات میں بہت بڑا حصہ ہے اور یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیکسٹائل شعبے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ زرمبادلہ میں اضافہ ہو اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ رویائی گروپ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں ٹیکسٹائل زون قائم کرے گا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ اپیرل پارک کی ڈیزائننگ اور ڈویلپمنٹ کا کام تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور اپیرل پارک میں ہارٹیکلچر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ اپیرل پارک میں صنعتوں کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پاور پلانٹس کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رویائی گروپ قائداعظم اپیرل پارک میں 70 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ بھی لگائے گا۔ رویائی گروپ اور پنجاب حکومت میں ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ قائداعظم ایپرل پارک میں سکل ڈویلپمنٹ کا سنٹر بھی بنایا جائیگا۔
Share this Page: Facebook Twitter LinkedIn WhatsApp

Please Share Your Comments:

Khanewal Dot Com Logo

Khanewal.com.pk is a comprehensive local portal offering a blend of cultural insights, public service information, and entertainment resources for the Khanewal district.

Copyright © 2026. All Rights Reserved By:Khanewal.com.pk

Website Powered and Coded by: Soft Dot Com, Basic Templete Designed by HTML Codex